خبرنامہ گلگت

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کلرکوں کے مسائل کے حل کی منظوری دیدی ہے ،فیض اللہ فراق

گلگت ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی)ترجمان صوبائی حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کلرکوں کے مسائل کو حل کرنے کی منظوری دیدی ہے ،صوبائی حکومت کلریکل سٹاف کو انتظامی امور کی مرکزی چابی سمجھتی ہے تمام محکموں میں کلریکل سٹاف جانفشانی سے فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں، یہ وہ سٹاف ہے جن کے مرہون منت ادارے خوش اسلوبی سے آگے بڑھ سکتے ہیں اے پی پی سے گفتگو کے دوران ترجمان صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ جو مراعات اور الاؤنسز دیگر صوبوں میں کلریکل سٹاف کیلئے دےئے گئے ہیں وہ گلگت بلتستان کے کلریکل سٹاف کو بھی ملیں گے،صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو کلریکل سٹاف کے مسائل سے نہ صرف آگاہی تھی بلکہ وزیراعلیٰ ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ بھی تھے اس لئے وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں وزیراعلیٰ نے باقاعدہ کلریکل سٹاف کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے ان کے مطالبات پر منظوری دیدی ہے ۔