خبرنامہ گلگت

پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کی حمایت میں ہر فورم پرآوازبلند کریں گے،وفاقی وزیرامورکشمیروگلگت بلتستان

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ قوم کو عملی طور پر تبدیلی جلد نظر آئے گی، پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کی حمایت میں ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ وہ گزشتہ روز جناح سٹیڈیم میں آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے 71ویں یوم تاسیس کے موقع پر کشمیر جرنلسٹس فورم کے زیراہتمام انٹرمیڈیا فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری راجہ فیصل ممتاز راٹھور، حریت رہنما عبدالحمید لون اور فورم کے صدر عابد خورشید اور شہزاد راٹھورنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر امور کشمیر نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے اور نقد انعام بھی دئیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے، بھارتی مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مالی و اقتصادی بحران کا سامنا ہے تاہم ان مسائل پر جلد قابو پا لیں گے اور تبدیلی جلد عملی طور پر نظر آنا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھانے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو دبا نہیں سکا۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ شائع کر کے اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے دستبردار نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اخبارات کو درپیش مسائل حل کریں گے، کشمیری صحافی مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے کے لئے مزید موثر کردار ادا کریں۔