خبرنامہ گلگت

گلگت، معذور افراد کے کوٹے پر عملدرآمد کیلئے احکامات جاری کردیئے، اورنگ زیب

گلگت۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) قانون ساز اسمبلی کے پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون اورنگ زیب خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کیلئے بل جلد اسمبلی میں پیش کرے گی اوراس سلسلے میں تیاری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں تمام سرکاری اداروں میں یہ احکامات جاری کئے گیے ہیں، کوٹے پر عملدرآمد نہ کرانے والے سرکاری اداروں کے سربراہان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان سے تحریری جواب طلب کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیشل ایجوکیشن کمپیلکس دنیور میں عالمی سفید چھڑی کے دن کے مناسبت سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرانہوں نے معذورافراد کو تمام شعبوں میں یکساں نمائندگی دینے کے عزم کابھی اعادہ کیا۔ سیمینارمیں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے صوبائی کوآرڈینیٹر اسرارالدین اسرار پاکستان ریڈ کریسینٹ کی چیئرپرسن نورالعین نے اپنے خطاب میں نابینا افراد کے مسائل کو فوری حل کرنے کی ضرورت پہ زور دیا ۔تقریب سے وژن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید ارشاد کاظمی،صدر وی آئی پی آر اے محمد نواز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صدر وی آئی پی آر اے محمد نواز نے نابینا افراد کے مسائل اور مطالبات پر مشتمل سپاسنامہ پیش کیا ۔ سپاسنامہ میں خالی آسامیوں پر بینائی سے محروم میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کی تقرری ترجیحی بنیادوں پر کرنے کامطالبہ کیا ۔