خبرنامہ گلگت

خصوصی افراد کے وفد کی ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئرگلگت بلتستان سے ملاقات

گلگت۔22 اکتوبر(اے پی پی) خصوصی افراد کے ایک نمائندہ وفد نے گزشتہ روز ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر گلگت بلتستان راجہ رشید علی صاحب کے ساتھ ملاقات کی اس دوران علاقے میں موجود خصوصی افراد کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی، خصوصی افراد سے متعلق قانون سازی کے حوالے سے کی جانی والی غیر معمولی تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مجوزہ بل کو تمام قانونی لوازمات پورے کر کے جلد جی بی اسمبلی میں پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، اس دوران محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے خصوصی افراد کو ایسسٹیو ڈیوائسس جن میں وہیل چیئرز، آلہ سماعت اور بیساکھیوں وغیرہ کی فراہمی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے یہ اشیاء فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا، محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے فراہم کئے جانے والے ایسسٹیو ڈیوائسس کی کوالٹی بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ ملاقات کے دوران ڈپٹی سیکرٹری سوشل ویلفیئر محمد جعفر اور سوشل ویلفیئر آفیسران سید مجاہد علی شاہ اور رحیم جان بھی موجود تھے جبکہ معذور افراد کی جانب سے چیئرمین ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن ارشاد کاظمی اور گلگت بلتستان کے معروف ڈس ایبلیٹی رائیٹس ایکٹوسٹ امجد ندیم موجود تھے، اس ملاقات کے دوران معذور افراد کو معذوری سرٹیفکیٹ کے حصول کے دوران پیش آنے والی مشکلات کی بھی نشاندہی کی گئی اور معذوری سرٹیفکیٹ کی فراہمی کے عمل کو آسان تر بنانے کے لئے تجاویز بھی دی گئیں۔ وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود راجہ رشید علی صاحب نے ڈس ایبلیٹی ایکٹ کے مجوزہ ڈرافٹ کو جلد لاء ڈیپارٹمنٹ سے کلیئر کرانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ،اس کے علاوہ معذور افراد کو معیاری ایسسٹیو ڈیوائسس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے آئندہ ان اشیاء کی خریداری سے قبل متعلقہ ضروریات کے حامل معذور افراد کی سفارشات کو لازمی طور پر شامل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔