خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام کے درمیان ناقابل تنسیخ رشتہ ہے‘ مولانافضل الرحمن

مظفرآباد(آئی این پی)قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانافضل الرحمن نے کہاہے کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام کے درمیان ناقابل تنسیخ رشتہ ہے۔ کشمیری عوام اور گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کی کوششیں غیرمتنازعہ مسئلہ ہیں۔ ریاست جموں وکشمیر کے 74ہزار مربع میل کے عوام کو اپنافیصلہ متفقہ طورپر پاکستان کے حق میں کرناہے۔ پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے درمیان غلط فہمیوں کو دورکرنے کے لیے موثر کردار اداکرے گی۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے کشمیر کمیٹی کیطرف سے آزادکشمیرکی دینی سیاسی تحریکی قیادت اور گلگت بلتستان کے سپیکر سمیت آنے والے وفدکے اعزاز میں عشائیہ کے دوران کیا۔ عشائیہ میں صدرریاست جموں وکشمیر سردار محمدیعقوب خان،سپیکرگلگت بلتستان اسمبلی ہدایت اللہ ، راجہ فاروق حیدرخان(ن لیگ) ، سینئرنائب صدر مسلم کانفرنس سردارسیاب خالد، کل جماعتی حریت کانفرنس کے راہنماؤں طاہر مسعود میر، غلام محمد صفی ، امیرجماعت اسلامی عبدالرشید ترابی ، امیرجے یوآئی جموں وکشمیر مولاناسعید یوسف ، صدر پاکستان مسلم لیگ (ض)،رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق ، آل جموں وکشمیر جمعیت علماء اسلام کے جنرل سیکرٹری مولاناقاضی محمودالحسن اشرف، وزرائے حکومت ،اہم دینی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین ، قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین ، کشمیر کونسل اور آزادکشمیرکے اراکین ، نمائندگان صحافت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر آزادریاست جموں وکشمیر سردار محمدیعقوب خان نے آزادکشمیرکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کشمیرکمیٹی کااجلاس ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں رکھنے پر چیئرمین کشمیرکمیٹی مولانافضل الرحمن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے بھرپور اعتمادکااظہارکیا۔ گلگت اسمبلی کے سپیکرنے اس موقع پر اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کے عوام اور حکومت کیطرف سے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لیے مکمل یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے آزادکشمیرکے لیے پہلے بھی سب سے آگے بڑھ کرقربانیاں دیں اور آئندہ بھی یہ قربانیاں دیں گے۔ اسوقت کچھ لابیاں کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام میں غلط فہمیاں پیداکرکے ماحول کو تلخ بناناچاہتی ہیں۔ جنہیں ختم کرنے کے لیے چیئرمین کشمیرکمیٹی مولانافضل الرحمن اورآزادکشمیرکی قیادت کو مثبت اور موثر کرداراداکرناہوگا۔ جبکہ کشمیری عوام کیطرف سے تحریک حریت کے راہنماء غلام محمدصفی نے اپنے خطاب میں کہا گلگت بلتستان آزادکشمیر اورمقبوضہ کشمیرایک جسم کی مانند ہیں، ان کے بنیادی حقوق سے کسی کو اختلاف نہیں۔تاہم تحریک حریت کے قائدین کی خواہش ہے کہ ہم ایک جسم کی مانند ہوکر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اپنے آپ کو ملت اسلامیہ پاکستان کاحصہ بنائیں۔دریں اثناآل جموں کشمیر جمیعت علماء اسلام کے ناظم عمومی مولانا قاضی محمودالحسن اشرف نے چیرمین قومی کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن سے اس موقع پر دینی مدارس کے مسائل اور مشکلات نیز ۲۳ مارچ کو تشکیل و استحکام پاکستان سیمینار اور ہفتہ تحفظ استحکام پاکستان اور دیگر فیصلوں سے بھی با خبر کیا۔اور سیمینار میں شرکت کی دعوت بھی دی۔