خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان حکومت لینڈ ریفارمز کمیشن پر انتہائی دلچسپی سے کام کررہی ہے،اورنگزیب ایڈدوکیٹ

استور۔(ملت آن لائن) وزیرقانون اورنگزیب ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکو مت لینڈ ریفارمز کمیشن پر انتہائی دلچسپی سے کام اور محنت کررہی ہے، حکومت عوامی مفادات میں بہترین قانون سازی کے لئے پر امید ہے ، لینڈ ریفارمز کمیشن ضلع ہنزہ نگر اورغذر کا دورہ کرے گا اورقانونی مسودے کو حتمی شکل دے کر اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گا ۔ان خیالات کا اظہار وزیرقانون اورنگزیب ایڈووکیٹ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ریفارمز کمیشن کا دوسرے روز بھی اجلاس ہوا جس میں حراموش سونیار داس ،بارگو بالا ،بارگو پائین ،شروٹ ،شکیوٹ اوراہلیان ڈروٹ کے نمائندوں سے طویل نشست کے دوران موضعات میں واقع ارضیات سے متعلق تنازعات کو زیر بحث لایاگیا، ضلع گلگت کے نمائندگان کی تجاویز کو مد نظررکھتے ہوئے لینڈ ریفامز کمیشن قانون سازی کیلئے اہم اقدامات کرنے جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ عمائدین علاقہ نے حکومتی کوششوں اوراقدمات کو سراہا ہے اورلینڈ ریفامز کمیشن رواں ما ہ کے آخر تک لینڈ رفامز کا مکمل مسودہ تیار کے حکومت گلگت بلتستان کو پیش کریگی۔وزیر قانون نے کہا کہ گلگت بلتستان پولیس ریفامز کمیشن کا پہلا اجلاس ہوا اورنگزیب ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری قانون گلگت بلتستان ڈپٹی سیکرٹری داخلہ،ڈپٹی سیکرٹری سروسز اور ڈی آئی جی نے شرکت کی، اجلاس میں محکمہ پولیس کو ترجیحی بنیادوں پر مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیاگیا ۔