خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 15فیصد اضافہ کر دیا گیا

گلگت بلتستان میں

گلگت بلتستان میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 15فیصد اضافہ کر دیا گیا

استور(ملت آن لائن)گلگت بلتستان میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 15فیصد اضافہ کر دیا گیاہے ۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ڈائریکٹر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرایوں میں مجموعی طور پر 15فیصد اضافہ جبکہ راولپنڈی سے گلگت بلتستان کیلئے ٹرکوں کے کرایوں میں 10فیصد اضافہ کر دیا گیا اس سے پہلے سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی سربراہی میں ٹرانسپورٹ یونین اور انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے گزشتہ سال کے مقابلے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 20فیصد اضافہ ہواہے۔ انتظامیہ کے مطابق باہمی مشاورت کے بعد کرایوں میں 15فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا، دوسری جانب بشام میں ٹرک مالکان نے کرایوں میں اضافے کیلئے ہڑتال کر رکھی تھی جس کے نتیجے میں ٹرکوں کے کرایے میں بھی 10فیصد اضافہ کیا گیا، ڈرائیور یونین کے جنرل سیکرٹری محمد یعقوب نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دن بدن بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کو نقصان کا سامنا تھا، ہمارے مطالبے پر سیکرٹری اور ڈائریکٹر نے کرایے بڑھا دیئے ۔ دوسری جانب کرایوں میں اچانک اضافے سے گلگت بلتستان میں مہنگائی کا طوفان آنے کا خدشہ پیدا ہو گیاہے ، ٹرکوں کے کرایوں میں اضافے سے گلگت میں سیمنٹ کی قیمتوں میں 100روپے فی بیگ اضافہ ہو گیا ہے ۔ اسی طرح دوسری اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے، گزشتہ سال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آنے کے بعد محکمہ ایکسائز نے پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کر دی تھی تا ہم یہ کمی صرف چند ماہ ہی برقرار رہ سکی تھی اور ٹرانسپورٹرز نے یک طرفہ طور پرکرایے بڑھا دیئے تھے ۔