خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان میں کرکٹ کو قومی سطح پر اجاگر کرنے پر لاہور قلندرز کے مشکور ہیں،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت:(ملت آن لائن)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی جانب سے لاہور قلندرز کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں کرکٹ کو قومی سطح پر اجاگر کرنے پر لاہور قلندرز کے مشکور ہیں جنہوں نے گلگت بلتستان جیسے علاقے میں کرکٹ کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ لاہور قلندرز کے گلگت بلتستان میں ٹرائلز شروع کرنے سے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو بھی قومی سطح پر کرکٹ کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا مناسب پلیٹ فارم میسر آئے گا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان سطح پر کھیلوں کی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے گلگت بلتستان سپر لیگ کا انعقاد کیاتھا جس میں تمام اضلاع سے کرکٹ کے ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ صوبائی سطح پر ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کیا گیا تھا لیکن گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر لے جانے کیلئے کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا۔ ہم لاہور قلندرز کے سی ای او اور دیگر تمام سینئر کرکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے گلگت بلتستان میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ٹرائلز منعقد کیا اور گلگت بلتستان سے کھلاڑیوں سیلکٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کو گلگت بلتستان کے عوام اپنی ٹیم سمجھتے ہیں۔ پہلی مرتبہ گلگت بلتستان سطح سے پی ایس ایف کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں کرکٹ کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ مناسب پلیٹ فارم نہ ہونے کی وجہ سے قومی سطح پر پہنچنے کیلئے دشواری تھی ۔ لاہور قلندرز نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔