خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے خواتین کو آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا، صوبیہ مقدم

گلگت۔(ملت آن لائن) وزیر امور نوجوانان و ترقی خواتین صوبیہ مقدم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو آگے بڑھ کر گلگت بلتستان کے مسائل کا حل ڈھونڈنا ہوگا ‘خواتین کو آگے بڑھ کر گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے تبھی ترقی آئیگی، نوجوانوں کیلئے ہرڈویژن میں نوجوان کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔صوبیہ مقدم نے نیشنل یوتھ اسمبلی گلگت بلتستان کے ممبران سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گلگت بلتستان کی عوام کیلئے اخوت لون کے ذریعے آسان شرائط بلا سود قرضے فراہم کئے نوجوانوں کیلئے آگاہی پروگرام انجام دئیے، خواتین کو ٹیکنکل ٹریننگ دلائے، نوجوانوں کو سکالر شپ اورلیپ ٹاپ سکیم لائے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد نوجوان اور خواتین کو آگے لانا ہے تاکہ وہ گلگت بلتستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے ہر ڈویژن میں یوتھ کنونشن کرانے کی منظوری دی ہے ،گلگت بلتستان میں یوتھ پارلیمنٹ بنائیں گے جس میں گلگت بلتستان کے ہر ضلع سے دس ممبران شامل ہونگے۔ صوبیہ مقدم نے یوتھ کے مسائل سنے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔