خبرنامہ گلگت

گلگت بلتستان کے جنگلات اور وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے کوئن کامن ویلتھ کنوپی اہم منصوبہ ہے،حافظ حفیظ الرحمن

گلگت:(اے پی پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کوئن کامن ویلتھ کنوپی منصوبے کو گلگت بلتستان کے جنگلات اور وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ کے 53 ممالک نے جنگلات اور وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے اس منصوبے کا آغاز کیا ہے ۔ صوبائی حکومت جنگلا ت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے صوبائی سیکرٹری جنگلات کو ہدایت کی ہے کہ کوئن کامن ویلتھ کنوپی منصوبے کے لیے جلد کاغذی کارروائی کو مکمل کرکے برطانوی سفیر کو بجھوایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان کے جنگلات اور وائلڈ لائف کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی مہم تیز کر نے اور کمیونٹی کی بھرپور شراکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے اس ضمن میں کمیونٹی نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔