خبرنامہ گلگت

گلگت میں ترقیاتی منصوبوں میں تاخیرکسی صورت برداشت نہیں کی جائےگی: وزیراعلیٰ گلگت

گلگت (ملت+ آئی این پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت میں ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی‘ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی اور حکومت بھی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ہفتہ کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ جوٹیال میں نیو بس ٹرمینل ‘ سبزی منڈی ‘ ٹورازم کمپلیکس کے منصوبے زیر تعمیر ہیں اور زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں میں ججز کالونی اور سول سیکرٹریٹ ہاسٹل بھی شامل ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے حکومت فنڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی۔ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کوئی حکمت عملی وضع نہیں کی گئی نہ ہی ماضی میں عدم توجہی کے باعث منصوبے بروقت مکمل ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ چیف کورٹ ‘ جی بی کی عمارت کی تعمیر کیلئے جلد جگہ کا تعین کیا جائیگا۔ ۔۔۔(رانا)