خبرنامہ گلگت

گلگلت بلتستان کے وزیرکی ایئرپورٹ عملے سے بدتمیزی پر ازخود نوٹس کی سماعت آج ہوگی

لاہور:(ملت آن لائن) گلگلت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین کی جانب سے اسلام آباد ایئرپورٹ کے عملے سے بدتمیزی پر ازخود نوٹس کی سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا خصوصی بینچ لاہوررجسٹری میں ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔

گزشتہ روز چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر حکام سے بدتمیزی کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت کی حکام کے ساتھ بدتمیزی کا نوٹس لیا ہے۔

رپورٹس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین نے فلائٹ منسوخ ہونے پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ارائیول انچارج کے ساتھ بدتمیزی اور جھگڑا کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر نے ارائیول انچارج پر برہمی کے بعد انہیں دھکا دیا، جس سے وہ زمین پر گرگئے۔

چیف جسٹس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فریقین کو ہفتہ (17 نومبر) کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ خراب موسم کے باعث پرواز منسوخ ہونے پر گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر احتجاجاً اپنی جیکٹ جلائی تھی اور پی آئی اے حکام کے ساتھ بدتمیزی بھی کی تھی جس کی ویڈیو بھی منظرعام پرآچکی ہے۔