خبرنامہ گلگت

ہائرایجوکیشن کمیشن کے وفدکا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ ،گڈ گورننس سسٹم پر اطمینان کا اظہار

گلگت ۔ (اے پی پی) ہائرایجوکیشن کمیشن کے 4 رکنی وفد نے کوالٹی ایشورنس اور گڈ گورننس سسٹم کا جائزہ لینے کیلئے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔وفد میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے سابق وائس چانسلر اور سابق مینیجنگ ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اعظم علی خواجہ، ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس ایجنسی ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر رفیق بلوچ، ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس ڈویژن ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد اسماعیل اور کوالٹی ایکسپرٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چیمہ شامل تھے۔ پاکستان کے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایشورنس اور گڈ گورننس پر نظرثانی کیلئے وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی احکامات کی روشنی میں قائم ٹیم نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران قراقرم یونیورسٹی کے قیام سے تاحال جاری کارکردگی اور دستاویزات کاعملی جائزہ لیا اوراطمینان کا اظہار کیا۔ تاہم حتمی رپورٹ وزیر اعظم پاکستان کو پیش کی جائیگی۔وفد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان سے تفصیلی ملاقات کی اور اہم معاملات پر بات چیت کی۔اس موقع پرہائر ایجوکیشن کمیشن ٹیم کوالٹی انہاسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر میر تعظیم اختر نے بریفنگ دی۔