خبرنامہ گلگت

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری ، میدانی علاقے یخ بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں

(اے پی پی)ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد میدانی علاقے یخ بستہ ہواوں کی لپیٹ میں ہیں ، ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہیں اور کئی مقامات پر راستے بند ہیں۔ پنجاب کے اکثر شہروں میں دھند کے باعث راستے بھی دھندلا گئے ہیں۔
گلگت بلتستان ، کے پہاڑوں پر کبھی برف باری کا سلسلہ جاری تو کبھی تھم جا تا ہے۔جس کے بعد سرد ہوائیں میدانی علاقوں کا رخ کررہی ہیں ،ا ور سردی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ملاکنڈ ڈویژن کے ضلع لوئر اور اپر دیر میں آسمان پر ہلکے بادل چھائے ہوئے ہیں ۔ کرم ایجنسی کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت برقرار اور آمد و رفت کے راستے بند ہیں ،مقامی لوگوں کو موسمی صورتحال کی وجہ سے بے روزگاری بھی سامنا ہے۔ چمن پشین ژوب زیارت موسی خیل سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسم بدستور سرد اور خشک ہے اورصبح سے ہلکی سرد ہوائیں چلنے سے موسم میں مزید خنکی پیدا ہو گئیںہے۔ چترال میں برفباری کے باعث 8 روز سے بند لواری ٹاپ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے – پنجاب میں چیچہ وطنی ، ساہی وال ، شور کوٹ ،کمالیہ سمیت بیشتر شہروں میں شدید دھند کی وجہ سے ،ٹریفک کی روانی متاثر ہے ۔ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے وسط میں شمالی بلوچستان ،خیبر پختو نخواہ، فاٹا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشنگوئی کی ہے ۔