خبرنامہ

انجیر وزن کم کرنے میں معاون ہے،امریکی ماہرین

اسلام آباد ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) امریکی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ انجیر وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ٹینیسی اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ انجیرصحت بخش اور بے پناہ فوائد کا حامل پھل ہے اور یہ موٹاپے سے تنگ افراد کے لئے انتہائی مفید پھل ہے ۔انجیر کے اندر پروٹین، معدنی اجزاء، شکر کیلشیم، فاسفورس پائے جاتے ہیں، انجیر خشک اور تر میں وٹامن اے اور سی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جبکہ وٹامن بی اور ڈی قلیل مقدار میں ہوتے ہیں جس کی وجہ سے انجیر ایک مفید غذائی دوا کی حیثیت رکھتا ہے۔ ماہرین کاکہنا ہے کہ انجیر کا استعمال ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔ ایک انجیر انسانی جسم کو درکار فولاد کی دو فیصد ضرورت کو پورا کرتا ہے۔انجیر میں کچھ خاص قسم کی کیلوریز بھی پائی جاتی ہیں، لہذا وہ لوگ جو اپنا وزن گھٹانا چاہتے ہیں انجیر کا ضرور استعمال کریں،کیوں کہ ایک انجیر میں صرف 47 کیلوریز ہوتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خون کے دباؤ کا شکار افراد کے جسم میں سوڈیم اور پوٹاشیم کی سطح متناسب نہیں رہتی اور انجیر کا استعمال اس متناسب کو بحال کرنے میں نہایت مفید ثابت ہوتا ہے، پوٹاشیم سے بھرپور انجیر بلڈپریشر کو کم کر تا ہے۔انجیر میں شامل اینٹی آکسائیڈینٹ کسی بھی دیگر پھل کی نسبت زیادہ معیاری ہوتے ہیں اور یہ مرکبات ایسے مادوں کو خارج کر دیتے ہیں، جو خون کی نالیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ اینٹی آکسائیڈینٹ کینسر سے بچاؤ کا بھی موجب ہیں۔