خبرنامہ

دنیا کی وہ جگہ جہاں دل کی بیماری نہیں پائی جاتیں

براسیلیا (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں دل کے امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ ہمارے روز مرہ کے معمولات اور غذا کو بتایا جاتا ہے لیکن دنیا میں ایک جگہ ایسی بھی ہے جہاں دل کے امراض سب سے کم ہیں۔یہ جگہ کسی جدید ملک میں واقع نہیں بلکہ جنوبی امریکہ کے جنگلات ’ایمازون‘ میں رہنے والے تسیمین(Tsimane) لوگ ہیں۔ حال ہی میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تسیمین لوگوں میں کولیسٹرول کی مقدار کم ہوتی ہے، بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے، یہ ذیابیطس سے محفوظ ہیں اور ان کی دل کی شریانیں بھی نہیں سکڑتیں۔ ان افراد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ جسمانی مشقت بہت زیادہ کرتے ہیں اور اپنی گزر اوقات جنگل میں شکار کے ذریعے کرتے ہیں۔یہ لوگ باہر جاکر مچھلیاں پکڑتے ہیں اور ساتھ ہی کھیتی باڑی کی وجہ سے بہت جفاکش ہوتے ہیں۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جدید دنیا میں انسان بہت سہل ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے جسمانی مشقت سے گریز کرتے ہیں اور نتیجہ کے طور پر وہ مختلف بیماریوں جیسے دل اور ذیابیطس کا شکار رہتے ہیں۔ اگر آپ بھی صحت مند زندگی گزارناچاہتے ہیں تو اپنی زندگی کے معمولات میں تبدیلی لائیں ۔