خبرنامہ

دوبارہ استعمال نہ ہونیوالی سرنجزمتعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور (ملت + آئی این پی) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ ہیپاٹائٹس اور ایڈز جیسی متعدی بیماریوں کی روک تھام اور انہیں پھیلنے سے روکنے کے لئے دوبارہ استعمال نہ ہوسکنے والی سرنجیں متعارف کرائی جا رہی ہیں او رپہلے مرحلہ میں سرکاری ہسپتالوں میں انکا استعمال شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات یہاں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے حکام کے ساتھ اجلاس کے بعد بتائی۔اجلاس میں ڈی آر اے پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر اسلم، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عاصم روف، فیڈرل انسپکٹر ڈرگ ڈاکٹر اجمل سہیل آصف نے شرکت کی ۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایاکہ اس سلسلہ میں ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ایک ہفتہ کے اندراپنی سفارشات پیش کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ڈسپوزایبل سرنجیں بنانے والے فیکٹری مالکان اور درآمد کرنے والے امپورٹرز کو آن بورڈ لیاجائے گا ۔خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ڈسپوزایبل سرنجوں کا دوبارہ استعمال موذی امراض کو تیزی سے پھیلانے کا ایک بڑا سبب ہے جسے دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اس سلسلہ میں تیزی سے اقدامات کئے جائیں گے۔