خبرنامہ

رات کو بار بار پیشاب کرنے کی عادت سے چھٹکارا پایئے

ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک) اکثر لوگوں کو رات کے وقت بار بار پیشاب کی حاجت ہوتی ہے۔ بالخصوص 50سال سے زائد عمر کے زیادہ تر افراد میں نکٹوریا (Nocturia)نامی یہ بیماری پائی جاتی ہے جو شدید ذہنی دباﺅ، چڑچڑے پن اور تھکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔ اب سائنسدانوں نے اس بیماری سے بچنے کا ایک آسان طریقہ بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو رات کے وقت بار بار اٹھ کر پیشاب کے لیے ٹوائلٹ جانا پڑتا ہے انہیں چاہیے کہ اپنی خوراک میں نمک کا استعمال کم کر دیں۔ اس طرح انہیں اس شدید کوفت کا شکار کر دینے والی بیماری سے نجات مل جائے گی۔

جاپانی سائنسدانوں نے اپنی یہ تحقیقاتی رپورٹ لندن میں ہونے والی یورپین سوسائٹی آف یورالوجی کانفرنس میں پیش کی ہے۔ اس تحقیق میں انہوں نے 321افراد پر 3ماہ تک تجربات کیے اور نتائج مرتب کیے تھے۔رپورٹ کے مطابق شرکاءمیں سے 223افراد رات کو اوسطاً2.3بار ٹوائلٹ جاتے تھے اور ان کی خوراک میں فی کس اوسطاً 10.7گرام نمک شامل تھا۔ سائنسدانوں نے ان کے نمک کا استعمال 25فیصد کم کر دیا جس سے ان کے ٹوائلٹ جانے کی اوسط شرح کم ہو کر 1.4پر آ گئی۔باقی 98شرکا کی خوراک میںاوسطاً 9.9گرام نمک شامل تھا۔ سائنسدانوں نے اس میں اضافہ کرکے ہر ایک کو روزانہ 11گرام نمک کھلانا شروع کر دیا۔ یہ لوگ پہلے رات کو اوسطاً2.3بار ٹوائلٹ جاتے تھے۔ ان کے کھانے میں نمک بڑھانے سے ان کے ٹوائلٹ جانے کی شرح بھی بڑھ کر 2.7فیصد ہو گئی۔دوسری طرف برطانوی محکمہ صحت کے ماہرین نے بتایا ہے کہ بالغ افرادکے لیے روزانہ نمک کی مقدار6گرام بہترین ہے۔اس سے کم یا زیادہ نہیں کھانا چاہیے۔