خبرنامہ

ریشے دار غذاؤں کے استعمال سے سانس کی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) امریکی ماہرین کا کہناہے کہ ریشے دار غذاؤں کے استعمال سے سانس کی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔امریکی ریاست جارجیا میں واقع نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامنیشن سروے کی تازہ تحقیق سے یہ سامنے آیا ہے کہ ریشے دار غذائیں پھیپھڑوں کو تندرست اور سانس کی نالی کو درست رکھتی ہیں۔ 2 ہزار افراد پر کئے گئے سروے میں جن افراد نے اپنی خوراک میں فائبر یعنی ریشے دار خوراک کو ذیادہ رکھا ان کے پھیپھڑوں میں 68 فیصد بہتری دیکھی گئی جو نارمل کے مقابلے میں کہیں ذیادہ تھی۔تاہم جن لوگوں نے ریشے والی خوراک کم کھائی ان میں سے صرف 50 فیصد افراد کے پھیپھڑے ہی درست اور پوری استطاعت سے کام کر رہے تھے۔ ماہرین کے مطابق پھیپھڑوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے اور خوراک کے ذریعے ان کی دیکھ بھال کرنا چاہیے۔ماہرین کے مطابق ریشے دار خوراک امراضِ قلب، بلڈ پریشر اور دیگر امراض سے بچانے کے ساتھ ساتھ پورے نظامِ ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سیب، شاخ دارگوبھی، ناشپاتی، گاجر، پالک، دلیہ، دو دالہ سبزیوں ، لوبیہ، السی کے بیج، پتے والی سبزیوں اور رسبری میں فائبر کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے۔