خبرنامہ

سرخ گوشت کا زیادہ استعمال گردے بے کارہونے کی وجہ

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) سنگاپورکے ماہرین کا کہنا ہے کہ سرخ گوشت کا زیادہ استعمال گردے بے کارہونے کی وجہ بن سکتا ہے۔نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپورکے ماہرین نے مشترکہ طور پر سنگاپور اور چینی افراد کا مطالعہ کیا جس میں 63 ہزار 257 چینی شہریوں میں کھانے کی عادات کا جائزہ لیا گیا، ان میں سے 97 فیصد افراد سور اور دیگر جانداروں کا سرخ گوشت کھاتے تھے جب کہ 3 فیصد مچھلی اور مرغی کا یعنی سفید گوشت کھاتے تھے۔مطالعے کے 15 سال بعد تمام رضاکاروں کا جائزہ لیا گیا ان میں سے جن افراد نے بہت زیادہ سرخ گوشت کھایا تھا ان میں سے کئی اینڈ اسٹیج رینل ڈزیز ( ای ایس آر ڈی) تک پہنچ گئے تھے، جن افراد نے بے تحاشہ سرخ گوشت کھایا تھا ان میں ای ایس آرڈی کا خطرہ 40 فیصد بڑھ گیا جب کہ دال، مرغی اور مچھلی کھانے والوں میں یہ کیفیت نہیں دیکھی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بکرے اور گائے کے گوشت کی بجائے دیگر ذرائع سے پروٹین کے حصول کا طریقہ اختیار کرنے سے گردوں کے امراض سے بچا جاسکتا ہے ۔ ماہرین نے ایسے افراد کو سرخ گوشت کھانے کی بجائے دودھ، مچھلی، سبزیوں اور سفید گوشت کا استعمال بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔