خبرنامہ

سگریٹ نوشی سے اب نمونیہ نہیں‌ہو گا، کیسے؟ خبر پڑھیں

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) فن لینڈ کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشوں کو وٹامن ای کے باقاعدہ استعمال سے نمونیہ کا خطرہ 72 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلسنکی فن لینڈ کے ڈاکٹر ہیری ہمیلا کی سربراہی میں سائنسدانوں کی ٹیم نے50 سے 69 سال عمر کے 7,46سگریٹ نوش افراد پر کی گئی تحقیق کے بعد کہا ہے کہ ادھیڑ عمری سے بڑھاپے کے دوران وٹامن ای کا روزانہ استعمال کا سب سے زیادہ اْن افراد کو ہوا جنہوں نے سگریٹ نوشی بالکل چھوڑ دی اور انہیں نمونیہ سے متاثر ہونے کی شرح 72 فیصد تک کم ہوگئی تاہم جن افراد نے 21 سال یا اس سے کچھ زیادہ عمر میں سگریٹ نوشی شروع کی تھی، انہیں بھی وٹامن ای استعمال کرنے پر بڑی عمر میں فائدہ ہوا لیکن اْن میں نمونیہ کا خطرہ صرف 35 فیصد ہی کم ہوسکا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کم تمباکو نوشی کے ساتھ روزانہ ہلکی پھلکی ورزش کرنے والے گروپ میں وٹامن ای کے استعمال سے نمونیہ کا خطرہ 69 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ سگریٹ نوشوں میں وٹامن ای کا سب سے کم فائدہ ان لوگوں کو ہوا جو بہت زیادہ سگریٹ پیتے تھے اور ورزش نہیں کرتے تھے۔ واضح رہے کہ وٹامن ای سپلیمنٹ کی شکل میں بھی ملتا ہے جبکہ بادام، مونگ پھلی، سبزیوں کے تیل، سورج مکھی ، سویابین کے تیل، گندم اور مکئی میں بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔