خبرنامہ

فاسٹ فوڈ کے زیادہ استعمال سے کینسر کے خطرات بڑھ جاتے ہیں،برطانوی ماہرین

اسلام آباد ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) برطانوی ماہرین کا کہنا ہے فاسٹ فوڈ کے زیادہ استعمال سے کینسر کے خطرات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔ سوانسی یونیورسٹی کے ماہرین کی جدید تحقیق کے مطابق فاسٹ یا جنک فوڈ کا بہت زیادہ استعمال خون کے خلیات کو تباہ کردیتا ہے جس کے نتیجے میں جان لیوا کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ سبزیوں کے ذریعے مناسب مقدار میں اینٹی آکسائیڈنٹس جسم کا حصہ نہیں بناتے ان کے خون کے سرخ خلیات ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ خون کے سرخ خلیات پھیپھڑوں سے آکسیجن جسم کے دیگر حصوں تک پہنچاتے ہیں جبکہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کی صفائی بھی کرتے ہیں اور اس لئے یہ خلیے انسانی صحت کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔ماہرین کے مطابق طرز زندگی خاص طور پر غذا ہمارے جسم کے ان ننھے ترین خلیات کی صحت پر بہت زیادہ اثرانداز ہوتی ہے تاہم اگر غذا ناقص ہو تو سرخ خلیات ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں،خلیات میں خرابی پیدا ہوجائے تو کینسر کے خلیات پھیلنے کا خطرہ بہت بڑھ جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کم پھل اور سبزیوں کا استعمال خلیات کی توڑ پھوڑ کا عمل دو گنا تیز کردیتا ہے۔اس لئے فاسٹ فوڈ کی جگہ سادہ اور سلاد والی غذا اور پھلوں کو زندگی کا معمول بنانا صحت کے لئے مفید ہے۔