خبرنامہ

گاجر اور مولی میں شفا

لاہور (ملت آن لائن) مولی میں وٹامن اے ، بی ، سی ، ای ہوتے ہیں ۔ گرتے بالوں کو روکنے کے لیے مولی کا باقاعدہ استعمال کریں ۔ گنج پر مولی کا پانی ملیں ۔ یہ کمزوری معدہ، بواسیر، پتھری کے لیے بھی مفید ہے ۔ خوراک فوراً ہضم کرتی ہے۔ یرقان میں پتوں کا پانی نکال کر گرم کر کے گڑ یا شکر ملا کر بار بار پلائیں، مولی کی بھجیا بنا کر کھلائیں۔ تلی بڑھی ہو تو مولی اور سرکہ کھانا بہت مفید ہے ۔ پرانے نزلے میں مولی کا پانی اور رس لیموں ملا کر پلائیں ، گلے کے درد میں مولی کے ساتھ لہسن کا استعمال کریں ۔

شراب ، ہیروئین اور دوسری نشہ آور ادویات سے نجات حاصل کرنے کے لیے مولی کے سبز پتے پانی میں پیس کر دو چمچ شہد ڈال کر ایک ماہ تک صبح نہار منہ ایک کپ اور سوتے وقت ایک کپ پلائیں ۔ انشاء اللہ نشہ آور ادویات سے نجات ملے گی ۔ ورم حلق اور خناق میں مولی کے پانی میں لیموں کا رس ملا کر پلائیں ، مولی کے بیج پیس کر گرم پانی کے ساتھ کھانے سے آواز کھل جاتی ہے ۔ پرانی کھانسی میں نمک مولی 25 گرام ، دو چمچ شہد ملا کر کھائیں ، نمک مولی میں شہد ملا کر چٹائیں تو دمہ کا دورہ ختم ہو جاتا ہے ۔ بواسیر کے لیے روزانہ 2 مولیوں پر چینی لگا کر کھائیں یا مولی کے پتے چینی ملا کر روزانہ کھائیں ۔

40 دن تک یا رات کو مولی کاٹ کر نمک لگا کر شبنم میں رکھ کر صبح کھا لیں۔ پیٹ کے کیڑے مولی یا اس کے پتے کھانے سے دور ہو جاتے ہیں ۔ ماہواری کا درد دُور کرنے کے لیے 25 گرام مولی کے بیج ، چار چمچ شہد میں ڈال کر اُبال لیں اور دن میں تین چار بار پلائیں ۔ ان شاء اللہ درد دُور ہوگا ۔
گاجر وٹامن اے کا خزانہ ہے ۔ اسے کچا کھائیں یا پکا کر کھائیں نظر تیز ہوگی ، جگر کے افعال درست ہونگے ۔ روزانہ ایک گلاس جوس پئیں ، نظر تیز اور چہرہ شاداب ہوگا ۔ گاجر کا مربہ مقوی دل اور بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے ۔ دماغ کو تقویت دینے کے لیے صبح بادام کھا کر گاجر کا جوس اور دودھ پئیں ، اس کا بیج بھی مقوی اعصاب ہے ۔ گاجر کا جوس پینے سے درد شقیقہ دور ہوتا ہے ۔ گاجر کا رس ، مربہ ، حلوہ ، گجریلہ اور اچار شربت سب فائدہ مند ہیں ۔ کسی کو نیند میں چلنے کا مسئلہ ہو تو رات کو آدھ سیر گاجریں بھگو دیں ، صبح رس نکال کر نہار منہ ایک گلاس اور رات سوتے وقت ایک گلاس پلائیں ۔