خبرنامہ

آئندہ اجلاس میں وزرا ء نہ آئے تو میں بھی نہیں آؤنگا ،چیئرمین سینیٹ کا انتباہ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سینٹ میں اپوزیشن نے امریکہ کی طرف سے 7 مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی کے حوالے سے تحریک التواء کی منظوری کے معاملہ کا جواب نہ دیئے جانے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا جبکہ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ایوان کے ایجنڈے میں شامل امور کا جواب دینے کے لئے وزراء کو موجود ہونا چاہئے، اس سلسلے میں سنجیدگی نظر نہیں آتی، یہ سلسلہ جاری رہا تو آئندہ اگر سینیٹ کا اجلاس طلب بھی کیا گیا تو میں اجلاس نہیں بلاؤں گا۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر اعظم سواتی اور سسی پلیجو کی تحریک التواء کی منظوری کے معاملہ پر محرکین کے اظہار خیال کے بعد متعلقہ وزیر کی طرف سے اس پر اعتراض کے حوالے سے دریافت کیا تو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ یہ معاملہ وزارت داخلہ سے متعلق ہے، چیئرمین نے کہا کہ جمعرات کو بھی وزارت داخلہ کے حوالے سے ایک معاملہ اٹھایا گیا تھا اس کا جواب دینے کے لئے متعلقہ وزیر موجود نہیں تھے، وزیر قانون بعد میں انہیں بلا کر لائے، آج پھر وہی معاملہ ہے۔ ہمیں سنجیدگی نظر نہیں آ رہی، یہ سلسلہ جاری رہا تو آئندہ صدر مملکت نے سینیٹ کا اجلاس طلب بھی کیا تو میں اجلاس نہیں بلاؤں گا۔سینیٹ کے ارکان نے امریکہ کی طرف سے 7 مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی کے حوالے سے تحریک التواء کی منظوری کے معاملہ کا جواب نہ دیئے جانے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے بھی اس حوالے سے ناراضگی کا اظہار کیا ۔