خبرنامہ

آصف زرداری اور طاہرالقادری کل ملاقات کریں گے

آصف زرداری اور طاہرالقادری کل ملاقات کریں گے

لاہور:(ملت آن لائن) آصف زرداری اور طاہرالقادری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے کل ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاؤن اور عوامی تحریک کی اے پی سی کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر بات چیت کی جائے گی۔ ملاقات میں پیپلزپارٹی کا اعلیٰ سطح کا وفد آصف زرداری کے ہمراہ ہوگا جس میں خورشیدشاہ، قمرزمان کائرہ اور رحمان ملک شامل ہوں گے۔ دوسری جانب ترجمان عوامی تحریک کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے ٹیلی فونک رابطے میں اے پی سی کے بارے مشاورت کی گئی، دونوں کے درمیان ملاقات کی ابھی کوئی تاریخ طے نہیں پائی تاہم 29 دسمبر جمعہ کے دن ملاقات ہوسکتی ہے۔

……………….
،،،اس خبر کو بھی پڑھیے….

اگلا وزیراعلی سندھ ہمارا ہوگا، فاروق ستار

اسلام آباد:(ملت آن لائن) ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستارنے کہا ہے کہ مردم شماری کے نتائج درست ہوئے تو2018 کے عام انتخابات کے بعد سندھ کا وزیراعلی ایم کیوایم پاکستان کا ہوگا۔ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستارنے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کے حالیہ جلسے تاریخی جلسے تھے اورابھی توپارٹی شروع ہوئی ہے، جتنی بھی دھڑے بازی کرلی جائے ایم کیوایم پاکستان کا ووٹ نہیں توڑا جا سکتا، 2018 کے الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ اورسکھر سے جیتے گی، ہم نے 2018 میں وزیراعظم کے الیکشن کے لیے تیاری نہیں کی، مردم شماری کے نتائج درست ہوئے تووزیراعلی کی سیٹ ایم کیو ایم پاکستان کی ہوگی۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے روایتی مخالف صرف الزام ہی لگاتے ہیں، ہمارا 23 اگست 2016 کا اقدام عوام کے سامنے ہے، مقدمات کے فیصلے عدالتوں کوکرنے دیئے جائیں اور میدان میں آکربنیادی ایم کیو ایم کا مقابلہ کریں، ارشد وہرا کے وکیل غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں، ارشد وہرا اور ان کے وکیل الزام تراشیوں سے گریز کریں اور ادھر ادھر کی ہانکنے کے بجائے اصل معاملے پر بات کریں، ارشد وہرا کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا، پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان انہوں نے خود کیا اور یہ اعلان انہوں نے بند کمرہ میں نہیں میڈیا کے سامنے کیا، ارشد وہرہ اوران کے وکیل کو مشورہ ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنا اور ہمارا وقت برباد نہ کریں۔واضح رہے کہ ارشد وہرا ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کی حیثیت سے کراچی کے ڈپٹی میئر منتخب ہوئے تھے تاہم بعد میں انہوں نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، جس پر فاروق ستار نے انہیں ڈی سیٹ کرانے کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا ہے۔