آصف زرداری کا ن لیگ سے پنجاب کی وزارت اعلٰی بھی لینے کا دعوٰی
لاڑکانہ :(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے چیئرمین سینیٹ کی طرح آئندہ انتخابات میں پنجاب کی وزارت اعلٰی بھی ن لیگ سے چھیننے کا دعویٰ کردیا۔
گڑھی خدابخش میں بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی 39 ویں برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ چھ ماہ پہلے کہہ دیا تھا کہ میاں صاحب کو سینیٹ لینے نہیں دیں گے اور اب تو پنجاب کی وزارت اعلٰی لینے بھی نہیں دیں گے۔
آصف زرداری گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب
سابق صدر نے کہا کہ اب چاہے کچھ بھی ہوجائے میاں صاحب سے جنگ رہے گی، پنجاب میں حکومت کسی سے بھی مل کر بنائیں ن لیگ کے ساتھ نہیں بنائیں گے۔
آصف زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’انہوں نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سے مل کرسازش کی مگراس بار کوا دونوں ٹانگوں سے پھنس گیا ہے‘‘۔
رضا ربانی جیالا تھا باتوں میں نہیں آیا، آصف زرداری
انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے 6 ماہ پہلے ہی نواز شریف سے کہہ دیا تھا کہ آپ کو چیئرمین سینیٹ نہیں لینے دوں گا لیکن آپ کو اس وقت سمجھ نہیں آئی اور جب وقت قریب آیا تو آپ نے رضا ربانی کے ذریعے ہمارے اندر تفریق ڈالنے کی کوشش کی‘‘۔
آصف زرداری نے کہا کہ ’’رضا ربانی پیپلز پارٹی کا جیالہ تھا اس لیے وہ آپ کی باتوں میں نہیں آیا جب کہ ہم نے سیاسی بصیرت سے کام لیا اور سینیٹ کی چیئرمین شپ آپ سے چھین لی‘‘۔
صدرآصف علی زرداری ںے کہا کہ ’’میاں صاحب یہ آپ کا مینڈیٹ نہیں یہ آراو الیکشن تھے، پنجاب میں میاں صاحب کی جلسیاں ہورہی ہیں، میاں صاحب نے لاہور میں اربوں روپے خرچ کرکے ایک سیٹ نکالی‘‘۔
میاں صاحب ! پیپلز پارٹی آپ سے سیاست چھڑوا کر رہے گی، آصف زرداری
سابق وزیراعظم پر مزید تنقید کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ’’مجھے پتا ہے میاں صاحب کا برداشت کتنا ہے، میاں صاحب اپوزیشن بھی خود کرتے ہیں اورحکومت بھی خود کرتے ہیں‘‘۔
آصف زرداری کا نواز شریف کو پکارتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’آپ سیاسی رہنما نہیں مغلیہ شہنشاہ ہیں اس لیے آپ کسی ملک کا ٹکڑا خرید کر اسے شریف خاندان کا ملک بنا لیں اور ہمارا خون چوسنا چھوڑ دیں اور ایک دن پیپلز پارٹی آپ سے سیاست چھڑوا کر رہے گی‘‘۔
سابق صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اب نواز شریف سے اسی وقت بات ہوگی جب وک ختم ہوچکے ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی بہت جلد پنجاب میں تخت رائیونڈ کو ختم کردے گی اور ن لیگ کو وزارت اعلیٰ بھی نہیں لینے دے گی۔
نواز شریف نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکر پیٹھ میں چھرا گھونپا، آصف زرداری
آصف علی زرداری نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم کسی کے ساتھ مل کربھی حکومت بنائیں مگرآپ سے نہیں ملیں گے،آپ نے پاکستان کے بہترین عرب دوست ممالک کوپاکستان کا مخالف بنادیا اور یہ آپ نے دانستہ طور پر کیا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’نواز شریف نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا لیکن اس کے باوجود ہم نے ان کا ساتھ دیا تاہم انہوں نے کچھ نہیں سیکھا اور اب چاہے کچھ بھی ہو جائے ن لیگ سے جنگ رہے گی کیوں کہ آپ سیاسی نہیں ہیں‘‘۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن کا وقت آ رہا ہے، بڑا دعویٰ تو نہیں کرتا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ میاں صاحب آپ سے ضرور پوچھیں گے کہ آپ نے 40 سالوں میں کیا کیا ہے۔
عمران خان نواز شریف ہی کی ایکسٹینشن ہیں، بلاول
ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر لٹکا کر پاکستان کے سنہری دور کو بھی لٹکا دیا گیا، بلاول—فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی جلسے سے خطاب کی اور انہوں نے نواز شریف اور عمران خان دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
اپنے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول نے کہا کہ طالبان کا بچھڑا ہوا بھائی عمران خان نواز شریف ہی کی ایکسٹینشن ہے۔
بلاول نے کہا کہ آج جسے دیکھو جمہوریت جمہوریت کا نعرہ لگا رہا ہے لیکن سب سے پہلے جمہوریت کا نعرہ ذوالفقار علی بھٹو نے لگایا تھا۔
بھٹو کو پھانسی پر لٹکا کر پاکستان کے سنہری دور کو بھی لٹکا دیا گیا، بلاول
بلاول کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کوئی مذاق نہیں ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، مسلم امہ کو یکجہ کیا اور پاکستان کو ایک ایمٹی ملک بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر لٹکا کر پاکستان کے سنہری دور کو بھی لٹکا دیا گیا اور آج تک پاکستان کا سنہرا دور پھانسی گھاٹ پر جھول رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک پاکستان بھٹو شہید کا پاکستان تھا جس میں امن و خوشحالی تھی، رواداری تھی، برداشت تھی اور بھٹو کے بعد کے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی ہے، پوری دنیا میں پاکستان کا نام رسوا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل ضیاء نے چن چن کر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو نشانہ بنایا لیکن جیالوں نے ذوالفقار بھٹو کا ساتھ نہیں چھوڑا۔
عمران خان اور نواز شریف کی سیاست، معیشت اور منافقت ایک ہی ہے، بلاول
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان اور نواز شریف ایک دوسرے کو اقتدار کے لیے نیچا دکھا رہے ہیں، دونوں کی منزل صرف اقتدار میں آنا اور پیسہ بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور نواز شریف کی سیاست، معیشت اور منافقت ایک ہی ہے، طالبان کا بچھڑا ہوا بھائی عمران نواز شریف کی ہی توسیع ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف اور عمران نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ کام کیے ہوتے تو پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے گھبرا کر ہمارے خلاف پروپیگنڈا نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 5 سالوں میں ایک بھی نئے اسپتال کا افتتاح نہیں کیا جب کہ خان صاحب نے خیبر پختونخوا میں اپنے ٹرسٹ کا اسپتال اور اپنے پراجیکٹ کی نمل یونی ورسٹی تو بنوا دی لیکن کوئی سرکاری اسپتال بنایا اور نہ ہی کوئی سرکاری یونیورسٹی بنوائی۔
جس نے پوری زندگی ووٹ کی عزت نہیں کی وہ ووٹ کی عزت کی بات کر رہا ہے، بلاول
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی جانب سے ووٹ کی عزت کی مہم چلانے پر ہنسی آتی ہے، جس نے پوری زندگی ووٹ کی عزت نہیں کی وہ آج ووٹ کی عزت کی بات کر رہا ہے اور جس نے آج تک پارلیمنٹ کا تقدس نہیں کیا وہ آج پارلیمنٹ کے تقدس کی بات کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدالتوں سے جنگ کرتے ہیں اور پھر ان کے وزراء شام کو عدالتوں جا کر معافیاں مانگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سب سے زیادہ عدالتوں سے متاثر ہوئی لیکن ہم نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کا سب سے بڑا فرعون انتہا پسندی اور دہشت گردی ہے اور دہشت گردی کی وجہ انتہا پسندی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے تعلیمی نصاب سے لیکر قومی پالیسی کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ کر سکتی ہے۔