خبرنامہ

اب نواز شریف مشکل میں ہیں: خورشید شاہ

اب نواز شریف مشکل میں ہیں: خورشید شاہ

اسلام آباد: (ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نوازشریف کے آصف علی زرداری کے بیان پر پیپلزپارٹی کی قیادت کا بھی سخت ردعمل سامنے آگیا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا نوازشریف وہ دن یاد کریں جب زرداری سے ملاقات سے انکار کیا تھا، انہوں نے کس کو خوش کرنے کیلئے ملاقات نہیں کی؟، یہ مکافات عمل ہے۔ خورشید شاہ نے کہا اب نواز شریف مشکل میں ہیں، جمہوریت مشکل میں نہیں، میاں صاحب جمہوریت کو مشکل میں آنے سے بچائیں اور اپنے اداروں سے تصادم کے اقدام پر نظر ثانی کریں۔خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف اپنی مشکلات کا ملبہ جمہوریت پر نہ ڈالیں، بار بار انہیں کہا تھا کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں لیکن بات نہ سنی۔ انہوں نے کہا جمہوریت بچانے کیلئے پہلے نوازشریف کو ایک بار بچایا، اب نواز شریف کو کسی صورت نہیں بچائیں گے۔

دوسری جانب ترجمان پیپلزپارٹی چوہدری منظور نے کہا ہے کہ ہم کسی کو خوش کرنے کی نہیں نواز شریف کے دھوکے سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے نواز شریف کا ہاتھ پکڑا اور انہوں نے سودے بازی کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے مشرف سے معافی لی اور معاہدہ کرکے باہر چلے گئے، بینظیر اورآصف زرداری نے نوازشریف کے ماضی کے جرائم معاف کرکے ان سےہاتھ ملایا، ہاتھ ملاکرچھرا گھونپنے میں بھی نوازشریف کا کوئی ثانی نہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آصف زرداری نوازشریف کے بنائے مقدموں میں مشرف کی جیل کاٹتے رہے، نوازشریف نے ایک اور بڑا دھوکا میموگیٹ میں آصف زرداری کے خلاف کالا کوٹ پہن کردیا، وہ وکیل بن کر میموگیٹ میں پی پی پی اور آصف زرداری کو غدار قرار دلوانے چلے تھے۔

چوہدری منظور کا کہنا تھاکہ ہمارے وزیراعظم کو افتخار چوہدری کے ہاتھوں نوازشریف نے گھربھجوایا، افتخار چوہدری اور نوازشریف کی گٹھ جوڑ جمہوریت کے خلاف گھناؤنی سازشیں تھیں، گیلانی کو گھر بھجوانے والا سڑکوں پرپوچھتا پھررہا ہےکہ مجھے کیوں نکالا، نواز شریف زرداری صاحب پر بات کرنے سے پہلے اپنے کردار کا جائزہ لیں۔