خبرنامہ

اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت، اسحاق ڈار پیش نہ ہوئے

اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت، اسحاق ڈار پیش نہ ہوئے
اسلام آباد:(ملت آن لائن) احتساب عدالت میں اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی تاہم ملزم اسحاق ڈار پیش نہ ہوئے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جاری ہے تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج بھی پیش نہ ہوئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل قوسین فیصل کے مطابق ان کے موکل علیل ہیں اور علاج کی غرض سے لندن میں ہیں جس کی وجہ سے سماعت میں پیش نہیں ہوسکتے۔آج سماعت میں استغاثہ کے گواہ اور نیب پراسیکیوٹر بھی عدالت میں پیش ہوگئے ہیں۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کر رہے ہیں۔ 14 نومبر کو پچھلی سماعت میں پیش نہ ہونے پر احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔
آج دوسری بار عدالت میں پیش نہ ہونے پر اسحاق ڈار کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط ہونے کا امکان ہے جب کہ نیب کی جانب سے اسحاق ڈار کو اشتہاری ملزم قرار دینے کی درخواست پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔ پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے اپنی حتمی رپورٹ میں کہا تھا کہ اسحاق ڈار کے اثاثوں میں بہت کم عرصے کے دوران 91 گنا اضافہ ہوا اور وہ 90 لاکھ روپے سے بڑھ کر 83 کروڑ 10 لاکھ روپے تک جا پہنچے۔