خبرنامہ

ارتضیٰ فاروقی پاک سرزمین پارٹی میں شامل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی والوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیاجائے ۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی ارتضیٰ فاروقی کو پارٹی میں شمولیت کے موقع پر خوش آمدید کہتا ہوں ، انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک سال سے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے، اس جدوجہد کے دوران ہم نے کسی کو ایک بھی پتھر نہیں مارا اور نہ کسی سرکاری عمارت کو نقصان پہنچایا ۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی سے سفر کا آغاز کر دیا ہے اور بہت جلد ہم پورے ملک میں اپنی مہم کا دائرہ پھیلا دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں دیکھیں گے کہ ہم سے جس شخص نے رابطہ کیا ہے وہ کون ہے ، اس وقت کراچی پورے ملک کا معاشی حب ہے لیکن اس کی حالت سدھارنے کی ضرورت ہے ۔ مگر ماضی میں کراچی کو وہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں جس کا وہ حقدار تھا ہم کراچی کوایک بار پھر روشنیوں اور صفائی کا عملی نمونہ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے کئی رہنمائوں نے اعلانات کئے مگر عملی کام نہیں کیا گیا ضرورت اس امرکی ہے کہ آج کراچی کیلئے عملی بنیادوں پر کام کیا جائے۔