اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت میں وقفہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کردیا گیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت کی۔ ریفرنس میں نامزد ملزم سعید احمد خان اپنے وکیل حشمت حبیب ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے، اس موقع پر عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کر کے آج ہی فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ ملزم سعید احمد کے وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے میں کافی رکاوٹیں ہیں، ریفرنس کی نقول تقسیم کرنے کے بعد اس کا جائزہ لینے کے لیے وقت دیا جائے۔ جس پر عدالت نے ریفرنس کی سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کر دیا۔