خبرنامہ

اسحاق ڈار کی استثنا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسحاق ڈار کی استثنا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر خزانہ اسحاق ڈار اپنے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت پر آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے اور ان کے وکیل نے حاضری سے استثنا کی درخواست کی ہے جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

احتساب عدالت نے گزشتہ سماعت میں پیش نہ ہونے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جب کہ عدالت نے آج ان کے دونوں صاحبزادوں کو بھی طلب کررکھا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں تاہم وزیر خزانہ اور ان کے وکیل خواجہ حارث آج عدالت نہیں پہنچے ہیں اور ان کی معاون وکیل عائشہ حامد عدالت میں موجود ہیں۔

نیب کی پراسیکیوشن ٹیم اور کیس کے 4 گواہان عدالت میں موجود ہیں جب کہ کیس کے کل 28 گواہان میں سے اب تک صرف 3 پر ہی جرح ہوسکی ہے۔
اثاثہ جات ریفرنس: اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عائشہ حامد نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار اور خواجہ حارث لندن میں موجود ہیں۔

اسحاق ڈار کے وکیل نے حاضری سے استثنا کی درخواست پیش کردی اور ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا۔

وزیر خزانہ کے ضامن نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار لندن میں زیر علاج ہیں جس پر عدالت نے انہیں عدالت دی کہ وہ یہ بیان تحریری طور پر جمع کرائیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے اسحاق ڈار کی درخواست اور میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی۔

عدالت نے اسحاق ڈار کی حاضری سے استثنا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

گزشتہ سماعت پر اسحاق ڈارکے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش کیاگیا تھا اور اس بنا پر حاضری سے استثنا کی درخواست کی گئی تھی تاہم عدالت نے استثنا دینے سے انکار کردیا تھا۔

خواجہ حارث نے بتایا تھا کہ اسحاق ڈار کی طبعیت ٹھیک نہیں اس لیے وہ لندن گئے ہیں، خواجہ حارث نے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا تھا تاہم نیب ٹیم نے اس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار سیاسی سرگرمیوں کے لیے لندن میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کیا ہے۔