اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں پولیس کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ جمعہ کو نجی ٹی وی کے مطابق سیکٹر آئی ٹین میں پولیس کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔پولیس کے مطابق اشارے پر روکنے پر تیمور نے سڑک کی غلط سمت بھاگنے کی کوشش کی جس پرپولیس اہلکار سمیع نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہلاک ہو گیا۔اس کے ساتھ گاڑی میں سوارلڑکی محفوظ رہی ،فائرنگ کر نے والا پولیس اہلکار فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر لگ رہا ہے کہ لڑکا لڑکی نشے میں تھے۔ کار میں سوار لڑکی کے مطابق فائرنگ سے تیمور زخمی ہوا ہسپتال لے جاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ کارسوارکی لاش پمز اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ لڑکی کو مزید پوچھ گچھ کے لیے تھانے بھیج دیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے تیمورکا تعلق مردان اورلڑکی کاتعلق لاہورسے ہے۔جاں بحق ہونے والے لڑکے کے ماموں کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے تیمور کو رکنے کا اشارہ نہیں کیا نہیں جانتا کہ کار میں تیمور کے ساتھ سوار لڑکی کون تھی۔ تیمور شادی شدہ تھا اور دو بچوں کا باپ تھا۔
خبرنامہ
اسلام آباد ‘ناکے پر نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان جاں بحق
