اسلام آباد آپریشن کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے اور دھرنے، شہری پریشان
لاہور:(ملت آن لائن) اسلام آباد آپریشن کے کے خلاف ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج جاری ہے جبکہ پشاور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان اور خانیوال میں بھی مذہبی جماعت کے کارکنان دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر مظاہرین کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔ دھرنے کے باعث مال روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند ہیں۔ وکلا برادری نے بھی فیض آباد آپریشن کے خلاف ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلا پیش نہیں ہورہے۔ متعدد تاجر تنظیموں نے بھی ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے جس کی وجہ سے لبرٹی، شاہ عالمی مارکیٹ، اچھرہ بازار اور دیگر مارکیٹیں بند ہیں۔ شہر کے بیشتر پٹرول پمپس بند ہونے سے پیٹرول کی قلت پیدا ہوگئی جس سے شہریوں کو دشواری کا سامنا ہے۔
ملک کے دیگر شہرون کی طرح کراچی میں بھی تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے 7 سے زائد مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔ نمائش چورنگی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، سہراب گوٹھ، لانڈھی اور دیگر مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے اسلام آباد دھرنا ختم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ پشاور میں رنگ روڈ جمیل چوک پر مذہبی جماعت کی جانب سے اسلام آباد آپریشن کے خلاف دھرنا دیا جا رہا ہے۔ رنگ روڈ ٹریفک کیلئے بند ہے اور گاڑیوں کو متبادل روٹ کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
خبرنامہ
اسلام آباد آپریشن کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے اور دھرنے، شہری پریشان