خبرنامہ

اسٹیٹ بینک کا پیرڈائز لیکس میں آنیوالوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

اسٹیٹ بینک کا پیرڈائز لیکس میں آنیوالوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

کراچی(ملت آن لائن)گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ پیراڈائز لیکس میں جس بھی پاکستانی کا نام آیا ہے اس کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔

گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بھی ان پاکستانی شہریوں کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیاتھا جن کے نام پیراڈائز لیکس میں آئے تھے۔

آئی سی آئی جی نے دو روز قبل 5 نومبر کو پیراڈائز لیکس جاری کیں جنہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک بار پھر ہلچل مچادی ہے۔ ان لیکس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم شوکت عزیز سمیت 135 پاکستانیوں کے نام شامل ہیں۔
پاناما لیکس کے بعد ’پیراڈائز لیکس ‘کا تہلکہ

جیونیوز کےمطابق اسٹیٹ بینک نے بھی لیکس میں نام آنے والے پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔

نمائندہ جیونیوز کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے کہا ہے کہ پیراڈائر لیکس کی لمبی فہرست ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس میں پاکستانیوں کے ناموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیراڈائز لیکس میں آنے والے پاکستانیوں کو نوٹس جاری کریں گے، جس پاکستانی کا بھی نام آیا اس کے خلاف تحقیقات کریں گے اور چیک کریں گے کہ سرمایہ کہاں سے آیا۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پیراڈائز لیکس میں 135 پاکستانیوں کے نام شامل ہیں، دیکھا جائے گاکہ وہ پاکستانی شہری ہیں یا نہیں، ان سے پوچھا جائے گاکہ جو سرمایہ کاری کی اس کے لیے کس طرح پیسہ باہر بھیجا، اس پیسے پر ٹیکس دیا گیا یا نہیں دیا گیا۔

اشرف وتھرا نے مزید کہا کہ ان افراد کے آمدن کے ذرائع مانگے جائیں گے اور اس کے لیے نوٹس کی صورت میں سوالنامہ بھیجا جائے گا، اگر ثابت ہوا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ گیا تو ایسے افراد کے خلاف پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی کریں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی آئی جے نے ہی پاناما پیپرز لیکس کا انکشاف کیا تھا جس میں شریف خاندان سمیت دیگر پاکستانی شخصیات کے نام سامنے آئے تھے۔