خبرنامہ

اسکول وین پر حملہ: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

اسکول وین پر حملہ: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

لاہور:(ملت آن لائن)پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر بٹل سیکٹر میں اسکول وین پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بٹل سیکٹرمیں اسکول وین پر حملے کے واقعے پر طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو تھمایا۔
بھارتی فوج کی ایل او سی پر اسکول وین پر فائرنگ سے ڈرائیور شہید
پاکستانی حکام کے مطابق بھارٹی ڈپٹی ہائی کمشنر کو تھمائے گئے احتجاجی مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں اسکول وین کا ڈرائیور شہید ہوا اور کئی طالبعلم زخمی ہوئے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا کہ بھارت جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی نہ کرے کیونکہ جنگ کے دنوں میں بھی اسکولوں اور اسپتالوں پر حملے نہیں کیے جاتے۔ خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بٹل سیکٹر میں اسکول وین پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں وین کا ڈرائیور شہید ہو گیا تھا۔