اصل مسئلہ بانی ایم کیوایم کے مائنس کا نہیں، ایم کیوایم کو ختم کرنا ہے،فاروق ستار
کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا آج کافیصلہ سیاہ فیصلےکےطور پر یاد رکھا جائے گا، اصل مسئلہ بانی ایم کیوایم کے مائنس کا نہیں بلکہ اصل سازش ایم کیوایم کو ختم کرنا ہے، جس پر آج بھی کام ہورہاہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان پنجاب ،کےپی نمائندےمیرے ساتھ موجود ہیں، الیکشن کمیشن نے آج ایک اہم فیصلہ دیا ہے ، مولوی تمیزالدین خان کیس کا فیصلہ جسٹس منیر نے دیا تھا، اس طرح اور بہت سے عدالتی فیصلے ہیں جن کی آج تک مثال دی جاتی ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا آج کافیصلہ سیاہ فیصلےکےطور پر یاد رکھاجائے گا ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ سیاہ باب میں اضافہ ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیرآئینی اور غیر قانونی ہے ، اس پہلے اندرونی جھگڑے پر آج تک کسی الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں دیا۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ آج اس کا فیصلہ دینا ہی سیاہ عمل ہے، انٹراپارٹی الیکشن پر فیصلہ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہی نہیں ہے، جسٹس(ر)وجیہہ الدین کیس میں بھی فیصلہ نہیں دیا گیا تھا، باقی سب کو عدالت بھیجا اور ہمیں گھر بھیجنے کی تیاری کی گئی ، انتخابی قوانین میں انٹراپارٹی ڈسپیوٹ پر فیصلہ دینے کا اختیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کا مطلب ہے دال پوری کالی ہے ، الیکشن کمیشن کو کبھی پارٹی کےاندرونی معاملات پر دخل نہیں دیناچاہیئے۔ فاروق ستار نے کہا کہ مجھے 23اگست کو ایم کیوایم بانی کےسامنے کھڑے ہونے کی سزا دی گئی ، مجھے ریاست اور آئین پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزادی گئی، اصل مسئلہ بانی ایم کیوایم کو مائنس کرنے کا نہیں تھا، اصل سازش ایم کیوایم پاکستان کو ختم کرنا ہے، جس پر آج بھی کام ہورہاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس ایم کیوایم پاکستان کو میں نے بچایا اسی پتنگ کو کاٹا جارہا ہے،بہادرآباد والوں کے پاس چھینی گئی پتنگ ہے، ایم کیوایم کی اکثریت بہادرآباد والوں کے ساتھ نہیں ہے،فاروق ستار سیاسی طورپر ایم کیوایم کا نام ختم کرنے کی سازش کو آگے بڑھایا گیا ہے،الیکشن میں کچھ سیٹیں پی ٹی آئی اورپی ایس پی کو دینے کی سازش ہورہی ہے، اس سازش کا مقصد ہے کہ مائنس فاروق ستار بھی ہوجائے گا۔ مائنس فاروق ستارکے بعد پی ایس پی، ایم کیوایم کا وزن برابرہوجائیگا، ایم کیوایم کو ٹوٹنےسےکیوں بچایا اس لئے مجھ سے بدلہ لیاگیا، مجھے لندن سے الگ ہونے کی سزا دی گئی ، کوئی تصور نہیں کرسکتا تھا کوئی بانی سے ہٹ کر پارٹی چلاسکتا ہے۔