خبرنامہ

افغانستان کا عسکری نہیں سیاسی حل درکار ہے، اعزاز چوہدری

واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکا میں پاکستان کے نئے تعینات سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ افغانستان کا عسکری نہیں سیاسی حل درکار ہے جس کے لئے پاکستان اور امریکا مل کر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اعزاز چودھری نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ کے لئے پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ ہم مل کر افغانستان میں دیرپا امن کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔ امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد کے دونوں اطراف دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لئے سرحد کی نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی رابطوں کو فروغ دینا چا ئیے۔پاکستان نئی امریکی انتظامیہ سے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستانی حکومت اور عوام افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔