خبرنامہ

العزیزیہ ریفرنس: احتساب عدالت میں واجد ضیا کی طلبی

العزیزیہ ریفرنس: احتساب عدالت میں واجد ضیا کی طلبی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خاندان کے خلاف فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنس کی سماعت میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے جرح مکمل کرلی۔ احتساب عدالت نے اگلی پیشی پر جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کو طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت میں نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران گواہ نورین شہزادی نے بینک ریکارڈ سے متعلق ای میل عدالت میں پیش کردیں تاہم وہ متعلقہ دستاویزات منگوانے سے متعلق ای میل پیش نہ کر سکیں۔ جج نے ان سے استفسار کیا کہ کتنی ای میل ہیں؟ جس پر گواہ کا کہنا تھا کہ مجھے دستاویزات منگوانے سے متعلق کوئی ای میل نہیں ملا۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے استغاثہ کی گواہ نورین شہزاد پر جرح مکمل کرلی۔
جج نے پوچھا کہ صرف 2 گواہ رہ گئے ہیں جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ واجد ضیا اور تفتیشی افسر پر جرح کرنا باقی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کو بطور استغاثہ گواہ طلب کرتے ہوئے العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت 29 مارچ تک ملتوی کردی۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں دائر متفرق درخواست پر فیصلہ ایک بجے سنایا جائے گا۔ درخواست میں جے آئی ٹی رپورٹ میں تجزیے کو ریکارڈ کا حصہ نہ بنانے کی استدعا کی گئی تھی جبکہ جے آئی ٹی رپورٹ کے کئی والیمز کی عدم فراہمی پر اعتراض بھی کیا گیا تھا۔