خبرنامہ

اللہ کی پکڑ سے بدعنوان دور نہیں؛ صدر

اسلام آباد،کوئٹہ (ملت+اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ وہ بلوچستان کی سر زمین پر کھڑے ہوکر یہ واضح کرتے ہیں کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ میں ایک انچ کی بھی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ بلوچستان سمیت ملک کا کوئی بھی حصہ اس راہداری کے ثمرات سے محروم نہ رہے ۔
بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ، نیشنل ایکشن پلان پر موثر عمل درآمد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون کی بدولت دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خوا ہ کمی آئی ہے ، حکومت کی کارکردگی کی تعریف بین الاقوامی ادارے کررہے ہیں ،کرپشن ایک ناسور ہے جس نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا۔ بدعنوان عناصر اللہ کی پکڑ سے دور نہیں کچھ وزراء نیب کے پلی بارگین کے قانون میں تبدیلی چاہتے ہیں نیب کے قانون میں جو بھی اچھائیاں ہوں انہیں اجاگر کر نا چا ہئے ،کرپشن کے خلاف جدوجہد کو ایمان کا حصہ سمجھتا ہوں، کرپشن اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ نے کے لیے نیب کو اپنی کارکردگی بہتر بنانی چاہیے ۔ کوئٹہ میں یومِ قائد کے حوالے سے تقریب سے خطاب اور گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کے برے دن ختم ہو گئے اور اب بلوچستان کا مستقبل روشن ہے ۔ آنے والے دنوں میں پاکستان خطے کا ایک اہم ترین ملک ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے بلوچستان کے بارے میں جن امکانات کی نشاندہی کی تھی وہ آج حقیقت بن کر ابھر رہے ہیں ۔ صدرممنون نے مزید کہا کہ بابائے قوم نے فرمایا تھاکہ بلوچستان ایک ہیرا ہے جسے تراشنے کے لیے ایک ماہرجوہری کی ضرورت ہے جب یہ ہیرا تراشا جا ئے گاتو دنیا کی نگاہیں خیرہ ہو جائیں گی۔ انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (NUML) کو بھی ہدایت کی کہ وہ گوادر میں چینی زبان سکھانے کے لیے اپنا کیمپس قائم کرے ۔