الیکشن کمیشن نے نواز شریف کا نام پارٹی صدارت سے نکال دیا
اسلام آباد: (ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ کیس کے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کا نام پارٹی صدارت سے نکال دیا ہے تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کا نام پارٹی صدارت سے نکال دیا ہے۔ پارٹی صدر کے بغیر ن لیگ غیر فعال ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ن لیگ کو نئے پارٹی صدر کے انتخاب کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی اصلاحات بل کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہ اترنے والا یا نا اہل شخص پارٹی صدارت کا اہل نہیں ہوسکتا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی جانب سے کیے گئے تمام فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دیا گیا ہے۔