کابل ۔ 03 فروری (ملت +اے پی پی) امریکا نے افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں 300میرین فوجیوں کی تعیناتی کو حتمی شکل دیدی،افغان فوج نے ایک آپریشن میں 18عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔افغان میڈیانے امریکی فوجی ترجمان کے حوالے سے اپنی رپورٹوں میں کہاہے کہ یہ فوجی ہلمند میں شدت پسندوں سے برسرپیکار افغان سیکیورٹی فوسرسز کو تربیت فراہم کریں گے۔ترجمان نے کہاکہ نئے تعینات فوجیوں میں ایسے سینئر اہلکار بھی شامل ہیں جو اس سے قبل افغانستان میں فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے ہلمند میں تین سو فوجیوں کی تعیناتی کے اعلان کے بعد علاقہ میں تشدد کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔ افغان فوج نے ہلمند میں ایک آپریشن کے دوران 18طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔کابل میں جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ ہلمندمیں کارروائی کے دوران طالبان کے5ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔اس کارروائی کے دوران فضائیہ کا استعمال بھی کیا گیا۔ننگرہارمیں حکام نے داعش اورطالبان کے دو اہم کمانڈروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ننگرہارمیں کارروائیوں میں داعش کے قاری منیب اورطالبان کے اہم کمانڈرشاہد عمر مارے گئے ہیں۔کارروائی آچین کے علاقہ میں کی گئی۔
خبرنامہ
امریکا نے ہلمند میں 300میرین فوجیوں کی تعیناتی کو حتمی شکل دیدی
