امریکا کی نئی افغان پالیسی بھی ناکام ثابت ہوگی، وزیراعظم
کراچی(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغانستان میں طویل ترین جنگ کیلئے حکمت عملی ان سے پہلے کے امریکی حکمرانوں کے منصوبوں کی طرح ناکام ثابت ہوگی۔
کراچی میں امریکی خبررساں ادارے بلوم برگ نیوز کو انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے دن سے واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ افغانستان میں فوجی حکمت عملی کامیاب نہیں ہوئی اور مستقبل میں بھی نہیں ہوگی لہذا اس مسئلہ کا سیاسی حل نکالنا ہوگا۔
شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ افغان جنگ کو پاکستان نہیں لانے دیں گے، ہم کسی کو بھی افغانستان کی جنگ پاکستان کی سرزمین پر لڑنے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان دہشت گردوں کو پناہ نہیں دیتا اور خطے میں قیام امن کیلئے بھارت سمیت تمام ملکوں کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کو طالبان سے خود نمٹنا چاہیے اوراس سلسلے میں انہیں کسی مدد کی ضرورت ہوئی تو ہم اس کیلئے تیارہیں۔
وزیراعظم نے فوری طور پر روپے کی قدر میں کمی کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے مزید کوئی بیل آؤٹ پیکج نہیں لے گی بلکہ سخت ٹیکس اصلاحات کرے گی، نواز شریف کی نااہلی سے کاروبار کو نقصان ہوا لیکن زیرتکمیل منصوبے جاری رہیں گے، سیاسی اتار چڑھاؤ سے نظام محفوظ ہے، یہ الیکشن کا سال ہے جس کے باعث بہت کشیدہ صورت حال ہے۔
اُدھر بلوم برگ نیوز نے اپنی رپورٹس میں بتایا کہ صدرٹرمپ کی جانب سے افغان جنگ کے خطرات سے نمٹنے میں ناکامی سے امریکہ کو بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا جس سے وہ اس تنازع میں مزید پھنس جائے گا، افغان جنگ سے امریکہ کو تقریباً 714 ارب ڈالر اور ہزاروں جانوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔