امریکی صدر کے ٹویٹ پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
لاہور: (ملت آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی۔ٹویٹ پاکستان کے لئے براہ راست دھمکی ہے، حکومت قومی اور بین الاقوامی فورم پر منہ توڑ جواب دے: قرارداد میں مطالبہ تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی کی جانب سے جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 9/11 کے بعد دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے بے شمار قربانیاں دیں، ملک میں سیکڑوں دہشت گردی کے واقعات ہوئے جن میں کئی ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جبکہ اربوں ڈالروں کی املاک الگ سے تباہ ہوئیں۔ پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کئی آپریشن کیے جس میں بے شمار دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کی قربانیوں اور شہادتوں کو یکسر فراموش کیا ہے۔ امریکی صدر کی ٹویٹ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ٹرمپ عالمی ولن کے طور پر امریکہ کی نا کامی کو چھپانے کے لیے الزامات لگا رہا ہے۔ قرارداد میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ٹرمپ کے ٹویٹ پر قومی اور بین الاقوامی فورم پر منہ توڑ ردعمل دے۔