خبرنامہ

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن پاکستان پہنچ گئے

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد(ملت آن لائن)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی نائب صدر مائیک پینس کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی پر زور دیا گیا تھا۔

اور اسی سلسلے میں پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکا کا دورہ کیا اور امریکی وزیر خارجہ آج پاکستان آئے ہیں جہاں وہ چکلالہ ایئربیس پہنچے۔

امریکی وزیر خارجہ کی پاکستان میں حکومتی اور فوجی قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات باہمی تعاون سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف سے دفتر خارجہ میں ملاقات کریں گے۔

ریکس ٹلرسن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کریں گے اور جے ایچ کیو بھی جائیں گے جہاں وہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاکستان رواں سال دسمبر میں امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کی بھی میزبانی کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کی انتظامیہ کے اہم وزیر کا دورہ پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ سفارتی اور دفاعی تعلقات کے نئے دور کا نکتہ آغاز قرار دیا جارہا ہے۔