امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے: وزیراعظم
کراچی:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پاک بحریہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا آپریشن ردالفساد دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کا عکاس ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان نے نیول اکیڈمی میں مڈشپ مین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کمیشن حاصل کرنے والوں کے لیے آج یادگار دن ہے، کیڈٹس کا اعتماد ملک کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا پاک نیوی ملکی سلامتی کے لیے بھرپور کام کر رہی ہے، کیڈٹس نے ملکی نظریے اور سرحدوں کا تحفظ کرنا ہے، ملکی دفاع اور سلامتی میں پاک بحریہ کا کردار اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کامیابی حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان نیول اکیڈمی میں 108 ویں مڈشپ مین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ چیف آف نیول ایڈمرل ظفرمحمود عباسی بھی تقریب کا حصہ تھے۔ نیول اکیڈمی منوڑہ میں پریڈ میں 129 افسران پاس آوٹ ہوئے، 17 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کے 26 افسران سمیت 57 پاکستانی جبکہ بحرین، اردن، قطر، مالدیپ، سعودی عرب کے افسران بھی شامل ہیں۔ دوست ممالک کے 2200 سے زائد افسران پاکستان نیول اکیڈمی سے تربیت حاصل کر چکے ہیں، سعودی عرب، قطر اور بحرین کے موجودہ نیول چیفس بھی نیول اکیڈمی سے تربیت یافتہ ہیں، دوران تربیت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔
خبرنامہ
امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے: وزیراعظم