‘انصاف کا خون ہو رہا ہے’نواز شریف
پاکستان میں انصاف ہو رہا ہے یا انصاف کا خون ہو رہا ہے؟ نواز شریف نے ایک اور سوال اٹھا دیا، کہتے ہیں غیرموجودگی میں فردِ جرم عائد کرنیکی کوئی نظیرنہیں ملتی۔
لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ من پسند لوگوں کو جے آئی ٹی کا ممبر بنایا گیا، ہمارے مخالفین کو جے آئی ٹی میں شامل کیا گیا، پاکستان میں انصاف کا خون ہو رہا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ 26 اکتوبر سے پہلے وطن واپس جاؤں گا، یہاں اہلیہ کے علاج کے سلسلے میں موجود ہوں، دُعا کریں اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کو صحت دے، باقی باتیں پاکستان پہنچ کر کروں گا، پارٹی کارکنوں پر فخر ہے۔ دریں اثناء، ذرائع کے مطابق، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے جارحانہ حکمت عملی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف نے عدالت میں پیش ہونے سے قبل اپنی اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے ٹیلی فونک رابطے بھی کئے ہیں اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق صلاح مشورے کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، نواز شریف پاکستان جا کر اراکین اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ نواز شریف کے اسلام آباد، لاہور اور دیگر شہروں کے دوروں کا پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔