اٹک میں این اے پچپن سے لیگی امیدوارسابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ شیخ آفتاب کارنر میٹنگ کرکے واپس جارہے تھے۔
پولیس کے مطابق اٹک میں سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ آفتاب احمد صدیقی کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے۔
گاڑی میں ان کے ساتھ ان کا بیٹا بھی موجود تھا۔ فائرنگ میں شیخ آفتاب اور ان کا بیٹا دونوں محفوظ رہے۔ شیخ آفتاب بیٹے کے ہمراہ کارنر میٹنگ سے گھر کی جانب رواں دواں تھے۔
پولیس کے مطابق شیخ آفتاب حلقے میں انتخابی مہم سے واپس آرہے تھے کہ گھات لگائے نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کا واقعہ تھانا سٹی کی حدود میں پیش آیا۔ فائرنگ سے گاڑی میں سوراخ ہوگئے ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول برآمد کرلیے۔ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فائرنگ کے وقت چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری چند کلومیٹر کے فاصلے پر اٹک میں موجود تھے۔