اپوزیشن لیڈر بدلنے کی جلدی نہیں، فیصلہ مشاورت سے کرینگے، سراج الحق
تیمر گرہ / اسلام آباد: (ملت آن لائن)جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی میں کوئی جلدی نہیں شاہ محمود قر یشی اور خورشید شاہ دونوں نے رابطہ کیا ہے تاہم جماعت اسلامی مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گی۔
کوٹو ہائیڈ پاور پروجیکٹ کے دروہ کے مو قع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ان سے ٹیلی فون پررابطہ کیا ہے اوراس حوالے سے تین اکتوبر کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات ہوگی جبکہ پی ٹی ائی کے شاہ محمود قر یشی نے بھی رابطہ کیا تو ان سے مشاورت کیلیے وقت مانگا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی کے حوالے سے پارٹی کے دوسرے اراکین سے باہمی مشاورت کے بعد میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔
سراج الحق نے این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں شکست کے حوالے سے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور الیکشن میں اس بنیاد پر حصہ لیاکہ جمہوریت کو فروغ ملے جبکہ کم ووٹ ملنے پر الیکشن کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہاہے اور اپنی غلطیوں کو آئندہ عام انتخابات میں نہیں دہرائیں گے، انھوں نے کہاکہ این اے فور پشاور کے ضمنی الیکشن میں اس بنیاد پر سیاسی میدان میں ہے تاکہ دوسری جماعتیں یہ نہ کہیں کہ جماعت اسلامی الیکشن سے فرار کا راستہ اختیارکر رہی ہے۔ اپنے امیدوار کی کامیابی کیلیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں اور انشاء اللہ جیت ہماری ہوگی۔