کوہاٹ (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی،گزشتہ انتخابات میں سیکورٹی کے نام پر ایک سازش کے تحت ہمیں عوام سے دور رکھا گیا تھا مگر اس بار ہم عوام کے شانہ بشانہ نکلیں گیں اور عوام ہمیں اور نہ ہم عوام کو تنہا چھوڑیں گے، اب سیاست کا وقت ہے اور ہم اب سیاست کریں گے اور ہماری سیاست کا مقصد کسی پہ کیچڑ اچھالنا نہیں بلکہ عوام کے مفاد کیلئے عوام کی سیاست کرنا ہے،امید عدالت پانامہ کیس میں عوام کے حق میں فیصلہ دیگی ،عدالت کا ہر فیصلہ پیپلز پارٹی کو قبول ہو گا، کارکن متحدہ رہیں شہید بھٹو کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں ۔وہ اتوار کو کوہاٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق ایم این اے پیر دلاور شاہ کی رہائش گاہ پر پارٹی عہدے داروں اور کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے سابق صوبائی صدر نصیب چند‘ سابق ایم این اے پیر دلاور شاہ ‘ انفارمیشن سیکرٹری پی وائی او جاوید اقبال‘ ملک بلال حسین‘ فرید ایڈووکیٹ‘ نادر خان خٹک‘ سابق صوبائی وزیر سید قلب حسن‘ سابق صوبائی وزیر سید ظاہر علی شاہ‘ عبدالروف ایڈووکیٹ اور پیر تنویر شاہ کے علاوہ سینکڑوں جیالے بھی موجود تھے۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس اربوں روپے کا سکینڈل ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ عدالت عوام کے حق میں فیصلہ دیگی اور عدالت کا ہر فیصلہ پیپلز پارٹی کو قبول ہو گا۔ ایوزیشن لیڈر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر اپنی تاریخ کو دہرائے گی اور عوام کی حمایت سے عوام کی خدمت کیلئے ایک بار پھر انشااللہ برسر اقتدار ائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں سیکورٹی کے نام پر ایک سازش کے تحت ہمیں عوام سے دور رکھا گیا تھا مگر اس بار ہم عوام کے شانہ بشانہ نکلیں گیں اور عوام ہمیں اور نہ ہم عوام کو تنہا چھوڑیں گے۔ قائدحزب اختلاف نے کہا کہ جمہوریت کیلئے پی پی پی کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں اور یہ تاریخ ہر دور میں زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب سیاست کا وقت ہے اور ہم اب سیاست کریں گے اور ہماری سیاست کا مقصد کسی پہ کیچڑ اچھالنا نہیں بلکہ عوام کے مفاد کیلئے عوام کی سیاست کرنا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں کسانوں، مزدوروں ، سرکاری ملازموں اور غریب عوام کی بہت خدمت کی ہے۔ ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، تنخواہوں میں اضافے، کسانوں کیلئے مراعات اور دیگر پیکجز کے ذریعے بہت ریلیف دیا۔انہوں نے کہا کہ آج غریب کا کوئی پرسان حال نہیں، کسان احتجاج کر رہے ہیں اور موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جا رہا ہے۔ اور ہم اقتدار میں اکر پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی پیکجز دیں گے۔(رڈ)
خبرنامہ
اگلی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی: خورشید شاہ
