خبرنامہ

ایم کیوایم اور تحریک انصاف میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پاگیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے مطابق ایم کیوایم اور پی ٹی آئی میں معاملات طے پاگئے ہیں۔
عام انتخابات میں اکثریت ملنے کے بعد تحریک انصاف کی وفاق میں حکومت سازی کے لیے مشاورت جاری ہے اور اس حوالے سے ایم کیوایم نے جہانگیر ترین کی جانب سے حکومت میں شمولیت کی دعوت پر عمران خان کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیوایم کا وفد خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچا جب کہ پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل بھی وفد کے ہمراہ کراچی سے روانہ ہوئے تھے۔

ایم کیوایم کے وفد میں خالد مقبول، عامر خان، کنور نوید جمیل اور فیصل سبزواری شامل ہیں، وفد نے عمران خان سے ملاقات سے پہلے جہانگیر ترین سے ملاقات کی جس میں عارف علوی اور عمران اسماعیل بھی شریک تھے جب کہ اس دوران متحدہ رہنماؤں نے اپنے مطالبات ان کے سامنے رکھے۔

ایم کیوایم نے جہانگیر ترین سے ملاقات میں کراچی پیکیج پرمن وعن عمل درآمد کی یقین دہانی مانگی ہےجس میں پانی، انفرااسٹرکچر، صفائی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر عوامی مسائل کاحل شامل ہے۔

ایم کیوایم نے پی ٹی آئی سے کراچی میں اپنے دفاتر کو کھلوانے کی یقین دہانی مانگی ہے جب کہ سندھ اسمبلی میں لیڈرآف اپوزیشن اور گرینڈاپوزیشن الائنس بنان کے لیے بھی تعاون کا کہا گیا ہے۔

ایم کیوایم نے تحریک انصاف سے کراچی سے متعلق ہر قسم کے امور میں اعتماد میں لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں جہانگیر ترین نےبتایا کہ ایم کیوایم سے معاملات طے پاگئے اور تعاون کے حوالےسے معاہدہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے ایم کیوایم کی سپریم کورٹ میں درخواست میں ان کا ساتھ دیں گے، کراچی کے عوام نے بھرپورطریقے سے ہمارا ساتھ دیا ہے، شہر کے لیے خصوصی مالیاتی پیکیج دیا جائے گا۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھاکہ کراچی کونظر انداز کیا گیا اس پرتوجہ نہیں دی گئی، شہر میں پانی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے مسائل ہیں، شہر کے بلدیاتی نظام کے حوالے سے ایم کیوایم کی سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کی حمایت کریں گے جب کہ حیدرآباد میں بھی یونیورسٹی کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ایم کیوایم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

اس موقع پر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ عمران خان کی دعوت پرآئے ہیں، ہمارے درمیان جوکچھ طے پایا ہے وہ آئینی تقاضے اورملک کی ضرورت ہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ مل کرچلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر ایم کیوایم نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، اس معاملے پر پی ٹی آئی نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، حلقہ بندیوں کے معاملے پر بھی پی ٹی آئی سے بات چیت کی ہے۔

ایم کیوایم رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کا جائزہ لیا جائے گا اوراس کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جب کہ آپریشن میں ہونے والی زیادتیوں کے ازالے پر بھی بات ہوئی ہے۔

خالد مقبول نے کہا کہ کچھ چیزیں طے ہونی باقی ہیں، امید ہے وہ بھی خوش اسلوبی سے طے پاجائیں گی۔